ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ، گھریلو سلنڈر بھی مہنگا
ایل پی جی کی سرکاری قیمت میں اضافے سے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 400 روپے سے متجاوز کر گئی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) ایل پی جی کی سرکاری قیمت میں اضافے سے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 400 روپے سے متجاوز کر گئی۔

چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی کی سرکاری قیمت 7 روپے اضافے سے 209 روپے فی کلو ہو گئی جبکہ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں بھی 87 روپے کا اضافہ ہوا جس سے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 466 پر جا پہنچی ہے۔

عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافے کے بعد مارکیٹ میں ایل پی جی 202روپے فی کلوکے بجائے 209 فی کلو فروخت ہورہی ہے جبکہ گھریلو سلنڈر 2 ہزار 379 روپے کے بجائے 2 ہزار 466روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمرشل سلنڈر 9 ہزار 153روپے کی جگہ 9 ہزار 488 روپے میں دستیاب ہو گا، سرکاری قیمت پر ایل پی جی کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے ایل پی جی ٹرمینل سے ایل پی جی پلانٹوں تک سرکاری قیمت پر ایل پی جی سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ میں اربوں روپے کی لوٹ مار کی گئی، گزشتہ ماہ ملک بھر میں ایل پی جی سرکاری قیمت پر دستیاب نہیں رہی۔

عرفان کھوکھر نے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی کے غریب دکانداروں کے خلاف کارروائی بند کی جائے، دکاندار ایل پی جی گھر پر نہیں بناتا، صارفین کو سرکاری قیمت پر ایل پی جی فراہمی کیلئے حکومت پلانٹ سے سرکاری قیمت کو یقینی بنائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت دکانداروں کی بجائے طاقتور لوگوں کے خلاف ایکشن لے،حکومت مافیا کو لگام ڈالنے میں ناکام ہے۔