حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی۔

پٹرولیم ڈویژن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 2روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے، پٹرول کی نئی قیمت 263 روپے 45 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح یکم دسمبر سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 79 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 279 روپے 65 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے آئندہ 15 روز کیلئے ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز

واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جس کے بعد ملکی سطح پر بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ نومبر2025 میں پٹرول 265 روپے 45 پیسے فی لٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 284 روپے 44 پیسے، لائٹ ڈیزل 159 روپے 76 پیسے اور مٹی کا تیل 176 روپے 81 پیسے فی لٹر کی قیمت پر فروخت ہوا۔

دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق نوٹیفکیشن کا اختیار دوبارہ پٹرولیم ڈویژن کو تفویض کر دیا گیا ہے، پٹرولیم لیوی کی شرح میں تبدیلی کے باعث اختیار وزارت خزانہ کو دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پٹرولیم لیوی فکس ہونے کے بعد سے اختیار وزارت پٹرولیم کو دوبارہ دیا گیا ہے۔