پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتہ کیسا رہا؟ جانیے
Pakistan Stock Exchange
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتہ سرمایہ کاروں کیلئے خوشگوار ثابت ہوا، جہاں پورا ہفتہ مثبت رجحان غالب رہا اور 100 انڈیکس میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔

معاشی محاذ پر بہتری کی توقعات، عالمی مارکیٹ میں استحکام اور سیاسی صورتحال میں نسبتاً سکون نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق پی ایس ایکس کے 100 انڈیکس میں کاروباری ہفتے کے دوران 4574 پوائنٹس کا شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 166,677 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ مارکیٹ میں مضبوط سرمایہ کاری کا مظہر ہے اور بیرونی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ

ہفتے کے دوران 100 انڈیکس ایک دن میں 6440 پوائنٹس کے بینڈ میں ٹریڈ ہوا، جو مارکیٹ میں بھرپور سرگرمی اور اتار چڑھاؤ کی علامت ہے۔ انڈیکس کی بلند ترین سطح 167,005 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی، جسے تجزیہ کار مقامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بڑی نشانی قرار دے رہے ہیں۔

ایک ہفتے کے دوران 2.8 ارب شیئرز کے سودے 149 ارب روپے مالیت کے طے ہوئے، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں بہتر کارکردگی ہے، مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی 353 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی مالیت 18,866 ارب روپے تک پہنچ گئی۔