لاہور: اشیائے خوردونوش کی نئی ریٹ لسٹ جاری
صوبائی حکومت کی جانب سے سبزیوں، پھلوں اور مرغی کی قیمتوں کی نئی ریٹ لسٹ جاری کر دی گئی
صوبائی حکومت کی جانب سے سبزیوں، پھلوں اور مرغی کی قیمتوں کی نئی ریٹ لسٹ جاری کی گئی/ فائل فوٹو
لاہور: (فیصل خان) صوبائی حکومت کی جانب سے سبزیوں، پھلوں اور مرغی کی قیمتوں کی نئی ریٹ لسٹ جاری کر دی گئی جس کے مطابق کئی اشیائے خوردونوش کی سرکاری قیمتوں میں اضافہ اور کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آلو درجہ اول کی فی کلو سرکاری قیمت میں 3 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 95 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم بازار میں آلو 120 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز درجہ اول کی سرکاری قیمت 145 روپے فی کلو برقرار ہے لیکن بازار میں 170 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

ٹماٹر کی سرکاری قیمت 170 روپے فی کلو ہے، جبکہ مارکیٹ میں یہ 300 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔ لہسن چائنہ کی سرکاری قیمت 410 روپے فی کلو برقرار ہے جبکہ دیسی لہسن 500 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح ادرک چائنہ کی سرکاری قیمت 530 روپے فی کلو برقرار ہے مگر مارکیٹ میں 750 روپے فی کلو تک بک رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری

سبز مرچ کی قیمت 110 روپے فی کلو ہے، مگر بازار میں 200 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ اروی کی سرکاری قیمت 85 روپے فی کلو ہے جبکہ مارکیٹ میں 150 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ بھنڈی کی قیمت 120 روپے فی کلو برقرار ہے، مگر بازار میں 180 روپےفی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

دیسی ٹینڈے کی سرکاری قیمت میں 5 روپے کمی کے بعد 170 روپے فی کلو مقرر کی گئی، تاہم بازار میں 270 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔ پھلیوں کی قیمت میں 10 روپے کمی کے بعد نئی قیمت 70 روپے فی کلو مقرر ہوئی، مگر مارکیٹ میں 250 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔

پھول گوبھی کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کے بعد 65 روپے فی کلو مقرر ہوئی جبکہ مارکیٹ میں 130 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ دیسی گاجر کی قیمت 95 روپے فی کلو مقرر ہوئی مگر بازار میں 120 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ مٹر کی سرکاری قیمت 320 روپے فی کلو برقرار ہے لیکن مارکیٹ میں 450 روپے فی کلوتک جا پہنچی ہے۔

کریلا 10 روپے کمی کے بعد 70 روپے فی کلو مقرر ہوا جبکہ مارکیٹ میں 150 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ لیموں چائنہ کی قیمت 80 روپے فی کلو ہے مگر بازار میں 170 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب زندہ مرغی کی سرکاری قیمت 298 روپے فی کلو برقرار ہے مگر مارکیٹ میں 350 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 432 روپے فی کلو مقرر ہے لیکن بازار میں 500 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح انڈوں کی فی درجن سرکاری قیمت میں 1 روپے اضافہ کے بعد نئی قیمت 338 روپے فی درجن مقرر کر دی گئی ہے۔ مارکیٹ میں سرکاری نرخوں کے باوجود قیمتوں میں واضح فرق برقرار ہے، جس پر شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔