سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
gold price drop
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں فی تولہ سونا 4 لاکھ 37 ہزار 362 روپے کا ہوگیا۔

آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 7 ہزار 538 روپے سستا ہوگیا، جبکہ 10 گرام سونا 6 ہزار 463 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 74 ہزار 967 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب چاندی کی قیمت بھی نیچے آگئی،جس کے بعد فی تولہ چاندی 151 روپے کمی کے ساتھ 5 ہزار 110 روپے میں دستیاب ہے۔

جیولرز کے مطابق ڈالر کی قدر میں استحکام اور عالمی مارکیٹ میں سونا سستا ہونے کے باعث مقامی قیمتوں میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 85 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 150 ڈالر پر آ گیا، منگل کے روز عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں 5 سال کی سب سے بڑی یومیہ کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جب فی اونس قیمت 250 ڈالر کم ہوئی، یعنی تقریباً 5.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

ماہرین کے مطابق یہ کمی گزشتہ پانچ سالوں کی سب سے بڑی گراوٹوں میں سے ایک ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے ڈالر اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھنے سے سونا دباؤ میں آیا ہے، تاہم مقامی خریداروں کے لیے یہ کمی خوش آئند ثابت ہو رہی ہے۔