
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں چینی کے نرخوں میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، صرف ایک ماہ کے دوران فی کلو چینی کی قیمت میں 5 سے 45 روپے تک اضافہ ہو گیا۔
مارکیٹ ذرائع کا بتانا ہے کہ راولپنڈی میں چینی کے نرخ 185 سے بڑھ کر 190 روپے فی کلو پر پہنچ گئے، دارالحکومت اسلام آباد میں چینی 180 روپے سے بڑھ کر 185 تا 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
اسی طرح پشاور میں ایک کلو چینی 190 سے بڑھ کر 195 روپے میں بیچی جا رہی ہے، لاہور میں بھی چینی کے نرخوں میں زیادہ تیزی دیکھنے میں آئی جہاں چینی کی قیمت 179 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو پر جا پہنچی۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کا جن پھر بے قابو، 24 اشیائے ضروریہ مہنگی
ادھر شہر قائد میں چینی 190 سے بڑھ کر 195 تا 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ کوئٹہ میں بھی چینی کے نرخ 190 سے بڑھ کر 195 تا 200 روپے فی کلو تک جا پہنچے ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کا بتانا ہے کہ فیصل آباد کے رہائشی سب سے زیادہ مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں جہاں چینی کے نرخوں میں سب سے بڑا فرق ریکارڈ ہوا، فیصل آباد میں چینی کی قیمت 185 روپے سے بڑھ کر 230 روپے فی کلو تک جا پہنچی جبکہ ملتان میں چینی 200 روپے فی کلو میں بیچی جارہی ہے۔



