
تازہ اعداد و شمار کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ انڈوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے عوامی بجٹ پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر گوشت 29 روپے فی کلو سستا ہو گیا، جس کے بعد فی کلو قیمت 403 روپے مقرر کی گئی ہے۔ تاہم صاف شدہ (صافی) گوشت مختلف مارکیٹوں میں 560 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جس نے صارفین کو الجھن میں مبتلا کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سونا مزید سستا: عالمی و مقامی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی
اسی طرح زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 20 روپے فی کلو کمی دیکھی گئی، ہول سیل ریٹ 264 روپے فی کلو اور پرچون ریٹ 278 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ پولٹری تاجروں کے مطابق حالیہ کمی کی وجہ مرغیوں کی پیداوار میں اضافہ اور مارکیٹ میں رسد بہتر ہونا ہے۔
دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی درجن انڈے 325 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں جبکہ مارکیٹ میں ایک پیٹی انڈوں کی قیمت 9 ہزار 630 روپے تک پہنچ چکی ہے۔