
جمعرات کے روز مارکیٹ کے آغاز پر ہی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ کھلتے ہی 100 انڈیکس میں 593 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا، جس سے 1 لاکھ 66 ہزار پوائنٹس کی اہم حد ایک بار پھر بحال ہو گئی، تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 100 انڈیکس 1 لاکھ 66 ہزار 679 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں یہ بہتری گزشتہ دو روز سے جاری ریکوری ٹرینڈ کا تسلسل ہے۔
سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ معاشی اشاروں میں بہتری، ڈالر کے استحکام اور بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق مثبت خبروں نے مارکیٹ میں اعتماد کو فروغ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:روٹی، نان اور پراٹھے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1 لاکھ 65 ہزار 686 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم آج کے سیشن میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی کے باعث مارکیٹ نے ایک بار پھر مضبوط پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں انڈیکس مزید بلندی کی جانب جا سکتا ہے۔



