
ایف بی آر نے انکم ٹیکس ریٹرن گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں تیسری مرتبہ توسیع کی ہے، اب انکم ٹیکس گوشوارے 31 اکتوبر تک جمع کروائے جا سکیں گے۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق پہلی ڈیڈ لائن 30 ستمبر تھی، جسے 15 اکتوبر اور اب 31 اکتوبر تک بڑھایا گیا ہے، توسیع کا فیصلہ تاجروں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی بار بار اپیلوں پر کیا گیا، ٹیکس دہندگان کو سسٹم کی سست روی، تکنیکی مسائل اور دباؤ کا سامنا تھا ۔
ایف بی آر کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ نئی ڈیڈلائن آخری ہوگی، مزید توسیع کا امکان نہیں ہے ، ٹیکس دہندگان بروقت فائلنگ کریں ورنہ جرمانے اور قانونی کارروائی ہوگی،ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرانے والوں کے خلاف یکم نومبر سے کریک ڈاؤن شروع ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: انکم ٹیکس ریٹرن فارم میں تبدیلی کی خبریں بے بنیاد قرار
ذرائع کے مطابق ڈیجیٹائزیشن سے ایف بی آر کے پاس نان فائلرز کا ڈیٹا موجود ہے ، رواں مالی سال انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کا بتانا ہے کہ یکم جولائی تا 15 اکتوبر انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کی تعداد 50 لاکھ 58 ہزار سے تجاو کر گئی ہے، گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے دوران ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 46 لاکھ تھی، گزشتہ مالی سال میں مجموعی طور پر 76 لاکھ ریٹرنز فائل ہوئی تھیں ۔
واضح رہے کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا گیا تھا۔



