سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
gold price
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے نتیجے میں آج عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 58 ڈالر کے نمایاں اضافے سے 4 ہزار 198 ڈالر کی نئی ریکارڈ سطح پر جا پہنچی۔

عالمی مارکیٹ کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی واضح طور پر دیکھے گئے، جہاں آج 24 قیراط سونا فی تولہ 5 ہزار 800 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 40 ہزار 900 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت 4 ہزار 972 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 78 ہزار روپے تک جا پہنچی۔

چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ چاندی 77 روپے اضافے سے 5 ہزار 337 روپے کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیں:اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال

 

 

معاشی ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، افراطِ زر اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔

اگر عالمی سطح پر ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہوئی یا سیاسی و معاشی بے یقینی برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔