اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال
Pakistan Stock Exchange
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز زبردست تیزی دیکھی گئی، جہاں کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈرڈ انڈیکس میں 1592 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی 167000 پوائنٹس کی حد بحال ہو گئی، جبکہ مارکیٹ میں مثبت رجحان کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد ایک بار پھر بحال ہوتا دکھائی دیا،جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 67 ہزار 17 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی بنیادی وجوہات میں معاشی استحکام کے اشارے، روپے کی قدر میں بہتری اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا بڑھتا ہوا امکان شامل ہے۔ اس کے علاوہ کارپوریٹ سیکٹر کے مثبت نتائج اور حکومت کی جانب سے کاروبار دوست پالیسیوں نے بھی مارکیٹ کے رجحان پر مثبت اثر ڈالا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے اضافہ، نرخ نئی بلند ی کو چھو گئے

ذہن نشین رہے کہ گزشتہ روز بھی مارکیٹ کا دن مثبت اختتام کے ساتھ بند ہوا تھا، جبکہ مسلسل دوسرے روز تیزی کے رجحان نے کاروباری برادری کے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو اسٹاک مارکیٹ جلد 170000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد کو عبور کر سکتی ہے، جو ملکی معیشت کیلئے ایک خوش آئند پیش رفت ہوگی۔