پیڑول کی قیمت میں 6 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان
پیٹرول کی قیمت میں 6 روہے 50 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 10 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کی تیاری شروع کر دی/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان میں عوام کو مہنگائی سے عارضی ریلیف ملنے کا امکان پیدا ہوگیا کیونکہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کی تیاری شروع کر دی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 10 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔

اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری آج دوپہر وزارت خزانہ کو بھجوائی جائے گی۔ وزارت خزانہ اس سمری کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم کی منظوری سے نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 اکتوبر 2025 سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے نتائج کا اعلان کر دیا

ذرائع کے مطابق، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان پیدا ہوا ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی فی بیرل قیمت میں 4 سے 5 ڈالر تک کی کمی دیکھنے میں آئی، جس کا براہ راست اثر مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑے گا۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت اس کمی کو برقرار رکھتی ہے تو ٹرانسپورٹ، اشیائے خوردونوش اور بجلی پیدا کرنے والے شعبوں میں بھی لاگت میں کمی آئے گی، جس سے عوامی سطح پر مہنگائی کے دباؤ میں معمولی کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ تاہم، ان کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کا اتار چڑھاؤ جاری ہے، اس لیے مستقبل میں دوبارہ قیمتوں میں اضافے کا امکان بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کی تھی، جس سے عوامی سطح پر معمولی ریلیف محسوس کیا گیا تھا۔ اگر موجودہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو پیٹرول کی قیمت میں اس سال کے دوران سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی جائے گی۔