سونے کی قیمتوں کو پَر لگ گئے،فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
Gold price Pakistan
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹس میں غیر معمولی تیزی کے باعث پاکستان میں سونے کی قیمت ایک نئی بلند ترین سطح پر جا پہنچی۔

آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 5500 روپے کے بڑے اضافے کے ساتھ 4 لاکھ 28 ہزار 200 روپے کا ہوگیا، جو ملکی تاریخ کی نئی ریکارڈ سطح ہے۔

رپورٹس کے مطابق 24 کیرٹ سونے کے دس گرام کی قیمت 4715 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 67 ہزار 112 روپے تک جا پہنچی، جبکہ چاندی بھی پیچھے نہ رہی اور فی تولہ قیمت 147 روپے بڑھ کر 5247 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں بھی سونا مسلسل تیزی کی جانب گامزن ہے، جہاں فی اونس سونے کی قیمت 55 ڈالر اضافے سے 4071 ڈالر تک جا پہنچی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

 

 

 

سرمایہ کاروں کے بقول معاشی غیر یقینی، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور جیو پولیٹیکل تناؤ کے باعث سرمایہ کار محفوظ پناہ گاہ کے طور پر سونا خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں، جس سے قیمتوں میں تیزی آرہی ہے۔

دوسری جانب مقامی صارفین اور جیولرز کا کہنا ہے کہ سونے کی بڑھتی قیمتوں نے عام خریداروں کیلئے زیورات خریدنا مزید مشکل بنا دیا ہے، اگر یہی رجحان برقرار رہا تو شادی بیاہ کے سیزن میں گولڈ مارکیٹ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔