کاروبار کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس میں 2857 پوائنٹس کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انڈیکس 160,240 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
خیال رہے کہ یہ گزشتہ کئی ہفتوں کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں آنے والی سب سے بڑی مندی قرار دی جا رہی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں میں غیر یقینی صورت حال اور معاشی پالیسیوں پر بے یقینی کے باعث مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار ہوئی۔
ابتدائی کاروبار کے دوران ہی سرمایہ کاروں نے بڑے پیمانے پر شیئرز فروخت کیے، جس سے مندی کی لہر تیزی سے پھیل گئی۔ بینکنگ، انرجی اور سیمنٹ سیکٹرز میں شیئرز کی قیمتیں نمایاں طور پر نیچے آگئیں۔ صرف چند ہی کمپنیوں کے شیئرز معمولی بہتری دکھا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل سستا ہوگیا
معاشی غیر یقینی، ڈالر کی قدر میں اضافہ اور سیاسی بے یقینی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی مارکیٹوں میں مندی اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ نے بھی مقامی مارکیٹ کو متاثر کیا۔
سرمایہ کاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اقتصادی استحکام کیلئے اقدامات کرے تاکہ مارکیٹ میں اعتماد بحال کیا جا سکے۔