رواں ہفتے ڈالر سمیت دیگر غیر ملکی کرنسیاں سستی
dollar rate
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) روپے کے مقابلے میں غیر ملکی کرنسیوں کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، رواں ہفتے انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر سمیت دیگر بڑی کرنسیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

کرنسی مارکیٹ کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق انٹربینک میں امریکی ڈالر 9 پیسے سستا ہو کر 281.26 روپے سے کم ہو کر 281.17 روپے پر بند ہوا، جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 10 پیسے کمی کے بعد 282.20 روپے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کا فرق صرف 1 روپے 3 پیسے رہ گیا۔

دوسری جانب یورو میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی،جو ایک ہفتے کے دوران 4.25 روپے سستا ہو کر 329.40 روپے پر آگیا۔ برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں بھی کمی دیکھی گئی جو 4.14 روپے کمی کے بعد 379.32 روپے تک گر گیا۔

اسی طرح سعودی ریال 1 پیسہ کمی سے 75.63 روپے پر آگیا، جبکہ یو اے ای درہم 2 پیسے بڑھ کر 77.52 روپے کا ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ

معاشی ماہرین کے مطابق روپے کی حالیہ مضبوطی اسٹیٹ بینک کی پالیسیوں اور زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام کا نتیجہ ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے ہفتوں میں روپے کی قدر مزید بہتر ہونے کا امکان ہے۔