
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 2100 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سونا 4 لاکھ 22 ہزار 700 روپے فی تولہ کی نئی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح دس گرام سونا 1 ہزار 800 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 62 ہزار 397 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمت میں اضافے کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں سونے کی بڑھتی ہوئی طلب اور سرمایہ کاروں کا قیمتی دھاتوں کی طرف رجحان ہے۔
عالمی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کی قدر میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں قیمت 21 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 16 ڈالر فی اونس تک جا پہنچی۔
یہ بھی پڑھیں:مہنگائی کی شرح میں اضافہ، گھی مزید مہنگا
تجزیہ کاروں کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری جیو پولیٹیکل کشیدگی اور امریکی معیشت سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کار سونا خریدنے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھ رہے ہیں۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں پاکستان میں سونے کی قیمت مزید بڑھنے کا امکان ہے، جس سے زیورات کی مانگ میں کمی اور سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہوسکتا ہے۔