اسٹاک ایکسچینج مارکیٹ گراوٹ کا شکار
Pakistan Stock Exchange crash
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز شدید مندی دیکھی گئی، جبکہ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی سے روپے کی قدر میں بہتری آئی۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک مارکیٹ کا آغاز منفی انداز میں ہوا۔ ٹریڈنگ کے ابتدائی لمحات میں ہی 100 انڈیکس میں 1996 پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں انڈیکس 1,62,534 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

سرمایہ کاروں کے محتاط رویے اور منافع کے حصول کی حکمتِ عملی کے باعث مارکیٹ میں شدید دباؤ دیکھنے میں آیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی مارکیٹ میں منفی رجحان برقرار رہا، جس کے بعد انڈیکس 1,65,000 پوائنٹس کی حد سے نیچے آگیا تھا۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ کمی کا سبب سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی پالیسیوں میں بے یقینی اور عالمی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:برائلر گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ

دوسری جانب زرمبادلہ کی منڈی سے اچھی خبر آئی ہے، ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق امریکی ڈالر 10 پیسے سستا ہو گیا، جس کے بعد انٹر بینک ریٹ 281 روپے 10 پیسے پر آ گیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں معمولی کمی سے ملکی معیشت پر جزوی مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، تاہم اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل مندی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کر رہی ہے، اگر معاشی پالیسیوں میں استحکام لایا گیا تو مارکیٹ آئندہ ہفتے میں بہتری کی جانب جا سکتی ہے۔