مہنگائی کا جن پھر بے قابو، شرح 5.6 فیصد پر جا پہنچی
 ملک میں مہنگائی کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا، ستمبر میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 5.6 فیصد پر پہنچ گئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) ملک میں مہنگائی کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا، ستمبر میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 5.6 فیصد پر پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات نے مہنگائی بڑھنے کے حوالے سے ماہانہ رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق اگست کے مقابلے میں ماہ ستمبر میں مہنگائی کی شرح میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ ستمبر میں دیہات میں مہنگائی کی سالانہ شرح 5.8 فیصدرہی، جبکہ شہروں میں مہنگائی کی سالانہ شرح 5.5 فیصد رہی۔

رپورٹ کے مطابق اگست میں مہنگائی 3 فیصد کی رفتار سے بڑھی تھی، اگست میں شہروں میں مہنگائی 3.4 فیصد تھی، دیہی علاقوں میں مہنگائی بڑھنے کی رفتار 5.8فیصد رہی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کردی

ادارہ شماریات کی ماہانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگست 2025 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 2.99 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ گزشتہ برس ستمبر 2024 میں مہنگائی 6.9 فیصد بڑھی تھی۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ستمبر 2025 کے دوران دیہاتوں میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 2.8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ شہروں میں مہنگائی میں 1.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

حکام کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مہنگائی کی اوسطً شرح4.22فیصد رہی تاہم وزارت خزانہ نے ستمبر کے لیے مہنگائی کا تخمینہ 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان لگایا تھا۔