سونا پہلی بار فی تولہ 4 لاکھ روپے سے تجاوز کر گیا
Gold price record Pakistan
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان میں مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کیلئے ایک اور بڑا جھٹکا، ملکی تاریخ میں پہلی بار سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ روپے کی سطح عبور کر گئی۔

آل صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آج کے روز فی تولہ سونا 5 ہزار 900 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 3 ہزار 600 روپے تک جا پہنچا۔ اس کے ساتھ ہی 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 5 ہزار 58 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 46 ہزار 21 روپے ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ سونے کی قیمت میں اس تیزی کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں اضافہ اور ملکی کرنسی کی کمزوری ہے۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 59 ڈالر فی اونس اضافے کے ساتھ 3 ہزار 818 ڈالر ہو گئی ہے، جس نے مقامی مارکیٹ پر براہِ راست اثر ڈالا ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور مہنگائی کے خدشات نے عوام کو سرمایہ کاری کے محفوظ ترین ذریعے یعنی سونے کی طرف راغب کیا ہے، جس سے طلب میں اضافہ اور قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار

خیال رہے کہ سونے کی قیمت میں یہ ریکارڈ اضافہ نہ صرف زیورات کے خریداروں بلکہ شادی بیاہ کے موقع پر خاندانوں کیلئے بھی شدید پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔ اگر عالمی اور مقامی مارکیٹ کے رجحانات یہی رہے تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمت مزید اوپر جا سکتی ہے۔