پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار
Pakistan stock market record high
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر ایک بار پھر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں یہ تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معاشی پالیسیوں کے بہتر اثرات کا نتیجہ ہے۔

پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی 100 انڈیکس میں 854 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس نے پہلی مرتبہ ایک لاکھ 63 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر لی۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 62 ہزار 257 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، یوں نئے ہفتے میں مارکیٹ نے ایک نیا سنگ میل قائم کر دیا۔

کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈریڈ انڈیکس میں 663 پوائنٹس کا بڑا اضافہ بھی دیکھنے میں آیا، جس نے سرمایہ کاروں کے جوش و خروش کو مزید بڑھا دیا۔

کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے معاشی اصلاحات اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں نے مارکیٹ کے رجحان پر مثبت اثر ڈالا ہے۔ خاص طور پر توانائی کے شعبے اور بینکنگ سیکٹر میں نمایاں سرمایہ کاری کے آثار دیکھنے کو ملے ہیں۔

دوسری جانب تبادلہ مارکیٹ میں بھی مثبت تبدیلی ریکارڈ کی گئی، جہاں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی آئی۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 10 پیسے کم ہو کر 281 روپے 27 پیسے ہو گئی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی کمی درآمدات کی لاگت کم کرنے اور افراطِ زر کے دباؤ کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں نہ صرف سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا بلکہ ملکی معیشت میں استحکام کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔