
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونا ایک بار پھر مہنگا ہو کر نئی سطحوں کو چھو رہا ہے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت 1900 روپے کے اضافے کے بعد 3 لاکھ 97 ہزار 700 روپے تک جا پہنچی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1629 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد یہ 3 لاکھ 40 ہزار 963 روپے پر پہنچ گئی۔
معاشی ماہرینِ کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور عالمی مارکیٹ میں بڑھتی مانگ اس اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔
ذہن نشین رہے کہ صرف سونا ہی نہیں بلکہ چاندی کی قیمتیں بھی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ پاکستان میں فی تولہ چاندی کی قیمت 105 روپے اضافے کے ساتھ 4704 روپے ہو گئی ہے، جبکہ 10 گرام چاندی 90 روپے بڑھ کر 4032 روپے تک جا پہنچی۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرولیم مصنوعات پر وصول کیے جانیوالے ٹیکس کی تفصیل سامنے آگئی
ادھر عالمی مارکیٹ میں بھی سونا تیزی کی لہر سے متاثر ہوا ہے۔ انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونا 19 ڈالر مہنگا ہو کر 3759 ڈالر کا ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ عالمی سرمایہ کار غیر یقینی معاشی حالات میں محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے کی خریداری بڑھا رہے ہیں، جس سے مقامی مارکیٹ پر بھی براہ راست اثر پڑ رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔



