پٹرولیم مصنوعات پر وصول کیے جانیوالے ٹیکس کی تفصیل سامنے آگئی
حکومت کی جانب سے صارفین سے پٹرولیم منصوعات پر وصول کیے جانے والے ٹیکس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے صارفین سے پٹرولیم منصوعات پر وصول کیے جانے والے ٹیکس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

پٹرولیم ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق ایک لٹر پٹرول پر 94 روپے 89 پیسے اور ایک لٹر ڈیزل پر 95 روپے 35 پیسے ٹیکس لیا جارہا ہے، اس طرح ایک لٹرپٹرول کی قیمت میں 36 فیصد جبکہ ایک لٹرڈیزل کی قیمت میں 35 فیصد ٹیکس عائد ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ایک لٹر پٹرول کی قیمت میں 14روپے 37 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 78 روپے 2 پیسے پٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسےکلائیمٹ سپورٹ لیوی شامل ہے۔

اسی طرح ایک لٹر ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے 84 پیسے کسٹم ڈیوٹی،77 روپے ایک پیسے پٹرولیم لیوی جب کہ 2 روپے 50 پیسے کلائیمٹ سپورٹ لیوی وصول کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ 15 ستمبر کو حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پٹرول کی قیمت مسلسل تیسری بار برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: رقم ٹرانسفر کرنے اور نکالنے پر ودہولڈنگ ٹیکس غیر شرعی قرار

حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت 264 روپے 61 پیسے فی لٹر برقرار رکھی گئی تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخ 2 روپے 78 پیسے فی لٹر بڑھا دیے گئے۔

خیال رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا فیصلہ عام طور پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت اور مقامی کرنسی کی قدر میں اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر پندرہ دن بعد نظرِ ثانی کے بعد طے کی جاتی ہیں، پچھلے دو ماہ کے دوران حکومت نے پٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی تاہم ڈیزل کی قیمت میں بتدریج اضافہ کیا گیا ہے۔