
کاروبار کے ابتدائی لمحات میں ہی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی کے باعث ہنڈریڈ انڈیکس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا،
جس کے نتیجے میں انڈیکس ایک بار پھر 1 لاکھ 59 ہزار کی سطح عبور کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق آج کاروبار کے آغاز پر ہنڈریڈ انڈیکس میں 779 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد انڈیکس 159,015 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ یہ اضافہ گزشتہ روز کی اختتامی سطح 158,236 پوائنٹس کے مقابلے میں نمایاں بہتری کو ظاہر کرتا ہے۔
ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت میں حالیہ مثبت اشارے اور سرمایہ کاروں کی جانب سے اعتماد کی بحالی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی بڑی وجوہات ہیں۔ بینکاری، توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں حصص کی خریداری نے انڈیکس کو سہارا دیا، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی نے بھی مارکیٹ کو تقویت بخشی۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرولیم مصنوعات پر وصول کیے جانیوالے ٹیکس کی تفصیل سامنے آگئی
سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو ہنڈریڈ انڈیکس مزید بلندیوں کو چھو سکتا ہے،جو 1 لاکھ 60 ہزار کی سطح کا حصول بھی ممکن ہے۔ اس تیزی نے نہ صرف سرمایہ کاروں کو خوش کر دیا ہے بلکہ معیشت کے حوالے سے ایک مثبت تاثر بھی قائم کیا ہے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج کی یہ بحالی ملکی معیشت کیلئے حوصلہ افزا قرار دی جا رہی ہے۔



