
کاروبار کے دوران مارکیٹ میں تیزی رہی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری کے باعث انڈیکس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس میں 624 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس 1,58,179 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ ایک موقع پرانڈیکس 1,58,425 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو بھی چھو گیا، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد اور مارکیٹ میں مثبت سرگرمیوں کا مظہر ہے۔
ذہن نشین رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1,57,554 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم آج سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف شعبوں خصوصاً بینکنگ، آئل اینڈ گیس، سیمنٹ اور ٹیکنالوجی کے شیئرز میں خریداری نے مارکیٹ کو سہارا دیا۔
کاروباری ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاسی اور معاشی سطح پر غیر یقینی صورتحال میں کمی اور حکومتی معاشی پالیسیوں پر اعتماد نے سرمایہ کاروں کے رویے کو مثبت بنایا ہے۔ ان کے مطابق اگر یہ رجحان جاری رہا تو آنے والے دنوں میں اسٹاک مارکیٹ مزید بہتری کی جانب گامزن ہو سکتی ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق آج کا دن سرمایہ کاروں کیلئے خوش آئند ثابت ہوا، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے سے نہ صرف سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا بلکہ اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر مثبت ماحول بھی پروان چڑھا۔



