عالمی و مقامی مارکیٹس میں سونا مہنگا ہوگیا
gold price hike
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) دو دن کے وقفے کے بعد عالمی اور مقامی مارکیٹس میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے زیورات کی خریدار طبقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت 1700 روپے اضافے کے بعد نئی بلند ترین سطح 3 لاکھ 90 ہزار 300 روپے پر پہنچ گئی ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ دیکھا گیا، جو 1458 روپے بڑھنے کے بعد 3 لاکھ 34 ہزار 619 روپے ہوگئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر ڈالر کی قدر اور سرمایہ کاروں کی جانب سے قیمتی دھاتوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ مقامی مارکیٹ کو براہِ راست متاثر کر رہا ہے۔

چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ جاری ہے، جہاں فی تولہ چاندی 114 روپے مہنگی ہو کر 4532 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ماہرینِ معاشیات کے مطابق سونے اور چاندی دونوں دھاتوں کی قیمتوں میں اضافہ عارضی نہیں بلکہ عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال کے باعث آئندہ دنوں میں مزید اتار چڑھاؤ متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:قومی بچت کی سکیموں پر منافع کی شرح میں ردوبدل

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں نے جست بھری ہے۔ انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونا 17 ڈالر مہنگا ہو کر 3685 ڈالر پر پہنچ گیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور ڈالر انڈیکس میں تبدیلی نے سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کی طرف مائل کیا ہے، جس سے قیمتی دھاتوں کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر یہی رجحان جاری رہا تو مقامی سطح پر سونے کی قیمت 4 لاکھ روپے فی تولہ کی حد عبور کرسکتی ہے، جو عام صارفین کیلئے مزید مشکلات کھڑی کرے گا۔