پاکستان میں مشرق بینک کی انٹری، بین الاقوامی اعتماد کی جھلک
پاکستان میں مشرق بینک کے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کی کمرشل لانچ کر دی گئی۔
بینک کی افتتاحی تقریب کے موقع پر لی گئی تصویر
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان میں مشرق بینک کے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کی کمرشل لانچ کر دی گئی۔

پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) کی جانب سے اسلام آباد میں ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا، جس میں مشرق بینک کے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کی کمرشل لانچ کا اعلان کیا گیا، یہ مشرق کے ایوارڈ یافتہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی پہلی مکمل بین الاقوامی لانچ ہے جو متحدہ عرب امارات کے باہر پاکستان میں کی گئی ہے اور پاکستان کی ڈیجیٹل بینکنگ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔

مشرِق، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے کا ایک نمایاں مالیاتی ادارہ ہے جو عالمی مالیاتی مراکز میں مضبوط موجودگی رکھتا ہے، اس کی پاکستان آمد کو بینکاری صنعت کے لیے فخر کا لمحہ تصور کیا جارہا ہے جس سے نہ صرف سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا بلکہ مالیاتی شمولیت کے فروغ کی راہیں بھی کھلیں۔

تقریب میں مشرق کے چیئرمین عبدالعزیز الغریر، سی ای او احمد عبدالاعلی اور بین الاقوامی قیادت شریک ہوئی جبکہ پی بی اے کے چیئرمین ظفر مسعود اور او آئی سی سی آئی کے صدر یوسف حسین نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا، اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد اور وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

پی بی اے کے مطابق 2024 میں بینکنگ سیکٹر نے 856 ارب روپے انکم ٹیکس اور 1.5 کھرب روپے سے زائد مجموعی ٹیکس ادا کیا جبکہ 2025 کے پہلے نصف میں اس میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم بینکنگ صنعت کو خطے میں سب سے زیادہ 55 سے 59 فیصد تک ٹیکس شرح کا سامنا ہے۔

ڈیجیٹلائزیشن میں تیزرفتاری، خواتین کی مالی شمولیت میں اضافہ (2021 میں 14 فیصد سے بڑھ کر 2023 میں 43 فیصد)، ایس ایم ای فنانسنگ میں 41 فیصد سالانہ اضافہ اور زرعی قرضوں کی مد میں 2.5 کھرب روپے کی فراہمی کو بینکاری صنعت کی بڑی کامیابیاں قرار دیا گیا۔

مشرِق بینک کی انٹری کو نہ صرف پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کا اشارہ قرار دیا گیا بلکہ ایک جدید، پائیدار اور شمولیتی معیشت کی طرف قدم سمجھا جا رہا ہے۔

پی بی اے نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے مالیاتی مستقبل کو مزید مستحکم اور روشن بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔