
سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی کے باعث مارکیٹ کا رجحان مثبت رہا، جس کے نتیجے میں ہنڈریڈ انڈیکس میں 922 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے،اس تیزی کے بعد انڈیکس 157103 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا۔
ذہن نشین رہے کہ گزشتہ روز ہنڈریڈ انڈیکس 156180 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم آج کاروباری سیشن کے آغاز پر ہی سرمایہ کاروں نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں تیزی کی وجہ ملکی سطح پر معاشی پالیسیوں کے بارے میں مثبت اشارے اور بین الاقوامی منڈیوں میں بہتری ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق گزشتہ دنوں مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے تھے، مگر اب بہتر معاشی اعداد و شمار اور حکومتی اقدامات نے مارکیٹ پر خوشگوار اثر ڈالا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، نرخ نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے
سرمایہ کاروں کی جانب سے اس پیش رفت کو سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افزا قرار دیا جارہا ہے، اگر یہی رجحان برقرار رہا تو انڈیکس میں مزید بہتری دیکھنے کو ملے گی۔
دوسری جانب سرمایہ کاروں نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت اسٹاک مارکیٹ کو مستحکم رکھنے کیلئے سہولیات اور پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھے گی تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہو۔



