اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 155000 پوائنٹس کی حد بحال
Pakistan Stock Exchange
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی، جہاں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے باعث ہنڈریڈ انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔

پیر کے روز کاروبار کے دوران 1023 پوائنٹس کے اضافے کے بعد انڈیکس بڑھ کر 155463 پوائنٹس پر بند ہوا، جس کے ساتھ ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ایک مرتبہ پھر 155000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال کر لی۔

ماہرین معاشیات کے مطابق سرمایہ کاروں کی نظریں اس وقت اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ہونے والی نئی مانیٹری پالیسی پر جمی ہوئی ہیں۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ شرح سود کو موجودہ سطح پر برقرار رکھا جائے گا جس سے سرمایہ کاری کے رجحان میں مزید اضافہ ممکن ہے۔

اگر شرح سود میں کمی کا اعلان کیا گیا تو مارکیٹ میں مزید تیزی آ سکتی ہے، تاہم برقرار رہنے کی صورت میں بھی سرمایہ کاروں کو یقین ہے کہ اقتصادی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

خیال رہے کہ رواں مالی سال کے آغاز سے اب تک اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ بڑی کمپنیوں کے شیئرز میں خریداری کا رجحان غالب رہا جس کی بدولت مارکیٹ نے مثبت پیش رفت دکھائی۔ خاص طور پر بینکنگ، توانائی اور سیمنٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھنے سے انڈیکس میں تیزی کا عنصر نمایاں رہا۔

کاروباری حلقوں کی جانب سے امید ظاہر کی جارہی ہے کہ آنے والے دنوں میں اگر معاشی پالیسیوں میں استحکام برقرار رہا اور سیاسی سطح پر بھی غیر یقینی صورتحال میں کمی آئی تو اسٹاک مارکیٹ نئی بلندیوں کو چھو سکتی ہے۔

سرمایہ کاروں کا اس موقع پر کہنا ہے کہ 155000 پوائنٹس کی بحالی ایک اہم سنگ میل ہے جو مارکیٹ میں مثبت رحجان کی عکاسی کرتی ہے۔