
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں گزشتہ چند ہفتے مہنگائی میں مسلسل اضافے کے بعد حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے، حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار میں 0.2 فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح 5.03 فیصد ہوگئی ۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے پیاز، ٹماٹر، آلو، چاول، انڈوں اور چینی سمیت 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، چار اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے دال مونگ، دال ماش، ایل پی جی، لکڑی اور کپڑے مہنگے ہوئے حالیہ ایک ہفتے میں پیاز 12.17 فیصد اور ٹماٹر 10.47 فیصد مہنگے ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کا جن بے قابو،آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں
اسی طرح آلو کی قیمتوں میں 3.57 فیصد، چاول کی قیمت میں 1.63 فیصد اور انڈوں کی قیمتوں میں 1.52 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سالانہ بنیاد پر ٹماٹر 90 فیصد، چینی 29 فیصداور آٹا 18.65 فیصد تک مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران 4 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی، گزشتہ ہفتے آٹے کی قیمت میں 9.80 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 3.20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔



