اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی
Pakistan stock market surge
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا،جس کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

کاروبار کے آغاز پر ہی 100 انڈیکس میں 415 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس 1,57,435 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا۔

ذہن نشین رہے کہ گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں تیزی دیکھنے کو ملی تھی۔ ٹریڈنگ کے دوران 800 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا اور 100 انڈیکس 1,57,479 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ تاہم کاروبار کے اختتام پر 457 پوائنٹس اضافے کے ساتھ انڈیکس 1,57,020 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں اس مسلسل مثبت رجحان کو ماہرین ملکی معیشت کیلئے بہتر اشارہ قرار دے رہے ہیں۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری اور حکومتی پالیسیوں کے اثرات کو اس رجحان کی بڑی وجہ سمجھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب زرمبادلہ کی منڈی میں بھی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 10 پیسے کم ہوئی جس کے بعد ڈالر 281 روپے 50 پیسوں پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مارکیٹ میں یہی استحکام برقرار رہا تو مستقبل قریب میں سرمایہ کاری میں مزید اضافہ متوقع ہے اور روپے کی قدر میں بھی بہتری آسکتی ہے۔