اسٹاک مارکیٹ میں مندی، ڈالر سستا ہوگیا
Pakistan Stock Exchange
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کئی روز کی تاریخی تیزی کے بعد آج کاروبار کے دوران مندی دیکھی گئی، جبکہ امریکی ڈالر کی قیمت میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے آغاز پر دو روزہ تیزی کے بعد آج اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کار محتاط نظر آئے۔

گزشتہ روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے نئی تاریخ رقم کی تھی جب 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 57 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کی۔ تاہم آج بدھ کو کاروبار کے دوران انڈیکس میں 121 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد 100 انڈیکس 1,56,441 پوائنٹس پر بند ہوا۔

معاشی ماہرین کے مطابق گزشتہ روز کی تیزی کے بعد آج منافع سمیٹنے کے رجحان نے مارکیٹ پر اثر ڈالا۔

سرمایہ کاروں نے بڑی تعداد میں حصص فروخت کیے جس کی وجہ سے انڈیکس دباؤ میں آیا، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ طویل المدتی بنیادوں پر مارکیٹ کا رجحان مثبت ہے اور معیشت میں بہتری کے آثار سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 6 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ڈالر 281.61 روپے سے کم ہو کر 281.55 روپے پر آ گیا۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی: 25 ہزار روپے والے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی

 

 

 

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ درآمدی دباؤ میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری ڈالر کی قدر پر اثر انداز ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ اگر موجودہ استحکام برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سرمایہ کاری مزید بڑھے گی اور ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔