روپے کی قدر میں بہتری، ڈالر مزید سستا
Pakistani rupee appreciation
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ دونوں میں ڈالر مزید سستا ہوگیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 2 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ڈالر 281.92 روپے سے کم ہو کر 281.90 روپے پر بند ہوا۔

ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں یہ استحکام حکومت کی معاشی پالیسیوں اور مارکیٹ میں ڈالر کی طلب و رسد میں توازن کا نتیجہ ہے۔

اوپن مارکیٹ میں بھی کرنسی ریٹ میں کمی کا رجحان رہا،امریکی ڈالر 10 پیسے سستا ہوکر 284.10 روپے پر آگیا۔ اسی طرح دیگر غیر ملکی کرنسیوں میں بھی کمی دیکھنے میں آئی، یورو 1.69 روپے کمی کے بعد 329.18 روپے پر آگیا جبکہ برطانوی پاؤنڈ 2.03 روپے کم ہوکر 380.70 روپے پر ٹریڈ ہوا۔

علاوہ ازیں اماراتی درہم کی قدر 5 پیسے کمی کے بعد 77.35 روپے رہی، جبکہ سعودی ریال کی قیمت 75.65 روپے پر مستحکم رہی۔

کاروباری حلقوں کے مطابق روپے کی قدر میں یہ بہتری وقتی ہے یا مستقل، اس کا دارومدار مستقبل کی معاشی پالیسیوں، درآمدات و برآمدات کے توازن اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدوں پر ہوگا۔