روپے کی قدر میں بہتری، ڈالر نیچے آگیا
Pakistani rupee gains
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے اور انٹربینک و اوپن مارکیٹ میں ڈالر سمیت دیگر غیر ملکی کرنسیوں کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

معاشی ماہرین اس صورتحال کو ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر ایک پیسے کمی کے بعد 281.96 روپے سے گھٹ کر 281.95 روپے پر بند ہوا، اگرچہ کمی معمولی ہے لیکن مسلسل استحکام معیشت کیلئے حوصلہ افزا اشارہ ہے۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 10 پیسے کم ہو کر 284.30 روپے رہ گئی۔ اسی طرح دیگر غیر ملکی کرنسیوں میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ یورو 1.21 روپے کمی کے ساتھ 330.77 روپے پر آگیا، برطانوی پاؤنڈ 68 پیسے سستا ہو کر 383.71 روپے پر ٹریڈ ہوا۔

علاوہ ازیں اوپن مارکیٹ میں خلیجی کرنسیوں کی قیمتیں مستحکم رہیں، یو اے ای درہم بدستور 77.40 روپے اور سعودی ریال 75.70 روپے پر برقرار رہے۔ کرنسی ایکسپرٹس کے مطابق ڈالر کی قدر میں کمی سے درآمدی بل کم ہو سکتا ہے جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کچھ کمی آنے کا امکان ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے یہی استحکام برقرار رکھا اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مزید بہتر بنایا تو آنے والے دنوں میں روپے کی قدر میں مزید بہتری دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ تاہم وہ اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ مقامی سطح پر پالیسی تسلسل اور سرمایہ کاری کے فروغ کے بغیر یہ رجحان زیادہ دیرپا نہیں ہو سکتا۔