
سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری کے باعث بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 646 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 47 ہزار 175 پوائنٹس کی بلند سطح پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں تیزی کی بنیادی وجوہات میں معاشی اشاریوں میں بہتری، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات شامل ہیں۔
ماہرینِ معیشت کے مطابق حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور کاروباری ماحول میں بہتری کی توقعات نے مارکیٹ کے رجحان کو مثبت سمت میں دھکیل دیا ہے۔
کاروباری دن کے دوران متعدد بڑے شعبوں، جن میں بینکنگ، سیمنٹ، آئل اینڈ گیس اور ٹیکنالوجی شامل ہیں،ان میں سرمایہ کاری کے حجم میں اضافہ ہوا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں انڈیکس مزید بلند سطح کو چھو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پچھلے چند سیشنز میں اسٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان رہا تھا، تاہم آج کی مضبوط تیزی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے، جس سے مارکیٹ میں مثبت جذبات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔