سونے کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز اضافہ
Gold Price Hike Pakistan
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) ملکی اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے زیورات کے خریداروں اور سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

آل پاکستان صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا آج 500 روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 62 ہزار 700 روپے کا ہو گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 428 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 10 ہزار 956 روپے تک پہنچ گئی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین دنوں میں سونا مجموعی طور پر 4 ہزار 900 روپے مہنگا ہو چکا ہے، جو رواں ماہ کے سب سے بڑے اضافے میں شمار کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخ میں اضافہ جاری ہے۔ آج فی اونس سونا 5 ڈالر کے اضافے سے 3 ہزار 400 ڈالر پر پہنچ گیا۔

ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی، ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافے نے سونے کی قیمت کو اوپر کی جانب دھکیل دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر کیلئے بجلی ایک روپیہ 89 پیسے فی یونٹ سستی

دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا، پاکستان میں چاندی کا فی تولہ 14 روپے مہنگا ہو کر 4 ہزار 73 روپے کا ہو گیا، جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 0.14 ڈالر اضافے سے 38.40 ڈالر میں فروخت ہو رہی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمت میں مزید اضافہ ممکن ہے، جس سے عام صارفین کیلئے زیورات کی خریداری مزید مشکل ہو سکتی ہے۔