ملک بھر کیلئے بجلی ایک روپیہ 89 پیسے فی یونٹ سستی
 نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا ) نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپیہ 89 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا ) نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپیہ 89 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔

نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں کمی کا فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا۔

نیپرا کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی اپریل تا جون2025 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں منظورکی گئی، بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز صارفین پر ہوگا۔

فیصلے کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق اگست تا اکتوبر 2025 کے 3 ماہ کے لیے ہوگا، بجلی صارفین کو قیمتوں میں کمی سے 55 ارب87 کروڑ40لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا، بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق لائف لائن اور پری پیڈ صارفین پر نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ بجلی تقسیم کارکمپنیوں نے 25-2024 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی کرنے کیلئے نیپرا کو درخواست دی تھی، نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر 4 اگست کوسماعت کی تھی۔

ڈسکوز حکام کی جانب سے درخواست میں بتایا گیا تھا کہ سرکلر ڈیٹ 2300 ارب روپے سے کم ہو کر 1600 ارب روپے رہ گیا ہے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں بہتر ی آنے سے سرکلر ڈیٹ میں 200 ارب روپے کی کمی آئی، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ بند ہونے سے 18 ارب روپے کا فرق آیا ہے۔

حکام کی جانب سے نیپرا کو بتایا گیا کہ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن لاسز بھی کم ہوئے ہیں، تمام ڈسکوز کی بجلی کی کھپت میں اوسطاً 31 فیصد اضافہ ہوا ہے، صرف کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی بجلی کی فروخت میں کمی آئی ہے۔

ڈسکوز حکام نے کہا تھا کہ حکومت ڈائریکٹ سبسڈی اور کراس سبسڈی میں اصلاحات پر کام کر رہی ہے، بینکوں سے 1275 ارب روپے کا قرضہ لے کر واپسی کیلئے کوئی الگ سرچارج نہیں لگایا جائے گا۔

نیپرا نے ڈسکوز کی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کردیا ۔