
کاروبار کے آغاز پر ہی انڈیکس میں 726 پوائنٹس کا بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد انڈیکس 145,814 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بند ہوا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی انڈیکس میں 2,094 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد پہلی بار 145,000 کی نفسیاتی حد عبور کی گئی تھی۔
ماہرینِ معاشیات کا کہنا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں، آئی ایم ایف سے معاہدے کی کامیاب تکمی، اور بیرونی سرمایہ کاری کے مثبت اشاروں نے اسٹاک مارکیٹ میں بھرپور اعتماد پیدا کیا ہے، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب کرنسی مارکیٹ سے بھی اچھی خبر سامنے آئی ہے، انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 10 پیسے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد ڈالر 282 روپے 57 پیسے پر آ گیا۔
ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں بہتری کے پیچھے مستحکم زرمبادلہ ذخائر اور درآمدات میں کمی جیسے عوامل کارفرما ہیں۔
مجموعی طور پر اسٹاک مارکیٹ اور کرنسی مارکیٹ دونوں کی مثبت سمت ملکی معیشت کیلئے خوش آئند اشارے دے رہی ہے۔ سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ موجودہ رجحان سے فائدہ اٹھاتے ہوئے محتاط مگر پُرامید فیصلے کریں۔