سونے کی قیمتوں میں آج دوسرے روز بھی بڑا اضافہ
 عالمی و ملکی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں آج دوسرے روز بھی بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی و ملکی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں آج دوسرے روز بھی بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 24 قیراط کے حامل سونے کے بھاؤ میں 2 ہزار 900 روپے کا بڑا اضافہ ہوا جس کے بعد ملکی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 62 ہزار200 روپے پر پہنچ گئی۔

جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا کہ ملکی صرافہ بازاروں میں 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بھی 2 ہزار 487 روپے کا اضافہ ریکارڈ کی گیا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 10 گرام سونے کا بھاؤ 3 لاکھ 10 ہزار 528 روپے ہو گیا۔

دوسری جانب بین الاقوامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی اونس سونے کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی، عالمی صرافہ بازار میں میں فی اونس سونے کی قیمت 29 ڈالر کے اضافے سے 3ہزار 395 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

علاوہ ازیں پاکستانی صرافہ بازاروں میں فی تولہ چاندی کی قیمت 49روپے کا معمولی اضافہ ہوا جس کے بعد پاکستان میں فی تولہ چاندی 4 ہزار 59 روپے کی ہو گئی جبکہ دس گرام چاندی کے 42 روپے کے اضافے سے 3 ہزار 479 روپے کی سطح پر آگئے۔

ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ عالمی سیاسی اور معاشی صورتحال سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہو رہی ہے، آنے والے دنوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان ہے۔