پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ
Petroleum price hike
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان ٹیرف معاہدے کے بعد یورپ اور ایشیا کی اسٹاک مارکیٹس میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔

تفصیلات کے مطابق لندن انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیوں کے دوران برینٹ کروڈ خام تیل کی قیمت میں 0.40 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 68.84 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں لائٹ کروڈ آئل (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں 0.34 ڈالر کا اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 65.50 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی۔

ادھر یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان ہونے والے ٹیرف معاہدے نے عالمی تجارتی فضا پر مثبت اثر ڈالا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے کو سب کیلئے فائدہ مند اور ممکنہ طور پر اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ قرار دیا ہے۔

اس معاہدے کے تحت امریکہ یورپی مصنوعات پر 15 فیصد بنیادی ٹیرف نافذ کرے گا، جن میں یورپی گاڑیاں، ادویات اور سیمی کنڈکٹرز شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر کمی، پاکستان میں اضافہ کیسے؟

معاہدے کے تحت یورپی یونین نے 600 ارب ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے، جس کے نتیجے میں یورپ اور ایشیا کی اسٹاک مارکیٹس میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

 

ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اور تجارتی معاہدہ عالمی معیشت کیلئے ایک نئے دور کی شروعات ہو سکتی ہے۔