سونے کی قیمتوں میں اضافہ، خریدار پریشان
Gold price increase
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) ملکی و عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ، جس سے زیورات کے خریدار اور سرمایہ کار دونوں پریشان نظر آ رہے ہیں۔

آل پاکستان صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 11 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی اونس سونا 3356 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔ عالمی رجحان کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر بھی دیکھنے کو ملے۔

مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 1100 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 58 ہزار 100 روپے کا ہو گیا۔ اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 944 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 3 لاکھ 7 ہزار 13 روپے ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں:بجٹ کے آفٹر شاکس، مہنگائی کی شرح میں دوسرے ہفتے بھی اضافہ

چاندی کی قیمت بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے، فی تولہ چاندی 85 روپے مہنگی ہو کر 4022 روپے تک پہنچ گئی، جو حالیہ دنوں کی بلند ترین سطح تصور کی جا رہی ہے۔

ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، مالی غیر یقینی صورت حال اور مہنگائی کے دباؤ کی وجہ سے قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔