بجٹ کے آفٹر شاکس، مہنگائی کی شرح میں دوسرے ہفتے بھی اضافہ
 مالی سال 26-2025 کے بجٹ کے بعد ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی اضافہ ہو گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) مالی سال 26-2025 کے بجٹ کے بعد ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی اضافہ ہو گیا۔

ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح صفر اعشاریہ 95 فیصد بڑھ گئی، مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح منفی ایک اعشاریہ 23 فیصد ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ مہنگی جبکہ صرف 6 کی قیمتیں کم ہوئیں، ایک ہفتے کے دوران چکن فی کلو 78 روپے 32 پیسے مہنگا ہوا ، مرغی کی فی کلو قیمت 346 روپے 34 پیسے سے بڑھ کر 424 روپے 66 پیسے ہو گئی، ایک ہفتے میں ٹماٹر فی کلو 10 روپے 56 پیسے مہنگے ہوئے ۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت 3 روپے 34 پیسے بڑھ گئی ،ایک ہفتے کے دوران لہسن فی کلو 8 روپے 44 پیسے مہنگا ہوا ، گزشتہ ہفتے کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 52 پیسے کا اضافہ ہوا ، چینی کی فی کلو اوسطاً قیمت 184 سے بڑھ کر 188 روپے 44 پیسے تک پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پرائز بانڈز جیتنے والے نان فائلرز اور فائلرز پر ودہولڈنگ ٹیکس نافذ

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گڑ،انڈے،تازہ دودھ،دہی،دال ماش اور کیلے بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

اداکارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 82 روپے 98 پیسے سستا ہوا ، گزشتہ ہفتے میں دال مونگ ایک روپے 65 پیسے فی کلو سستی ہوئی ، گندم کا آٹا،ڈالڈا گھی اور آئل بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بریڈ،بیف،مٹن،نمک،چائے کی پتی سمیت 26 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔