پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی
Pakistan Stock Market Crash
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 8 روز سے جاری تیزی کا سلسلہ بالآخر ٹوٹ گیا، بدھ کے روز کاروباری ہفتے کے تیسرے دن مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی۔

سرکلر ڈیٹ کی رقم کے اجرا میں تاخیر کی اطلاعات پر سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل ہوا، جس کے باعث ہنڈریڈ انڈیکس 133000 کی نفسیاتی حد برقرار نہ رکھ سکا۔

کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 826 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 132577 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس اچانک مندی نے گزشتہ آٹھ روز سے جاری مثبت رجحان کا خاتمہ کر دیا، جس دوران مارکیٹ میں مجموعی طور پر 11600 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

بدھ کے روز مارکیٹ میں مجموعی طور پر 31 ارب روپے مالیت کے 91 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا۔

اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں پرافٹ ٹیکنگ (منافع کمانے کے بعد فروخت) اور غیر یقینی صورت حال کے باعث اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت میں بڑی کمی،فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ سرکلر ڈیٹ کے مسئلے پر تاخیر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کر رہی ہے، اور اگر جلد واضح اقدامات نہ کیے گئے تو مارکیٹ میں مزید مندی کا رجحان دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کی جانب سے سرمایہ کاروں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے، خاص طور پر مختصر مدت کے فیصلے کرتے وقت مکمل تحقیق اور مشاورت کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔