
وزارت خزانہ نے پنشن میں 7 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سول پنشنرز کی پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کی پنشن میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنشن میں 7 فیصد اضافہ ان پنشنرز کے لیے بھی ہے جو یکم جولائی 2025 کو یا اس کے بعد ریٹائر ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 5 جولائی کو وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے اور گریڈ ایک سے 22 تک کے ملازمین و افسران کی تنخواہوں میں 30 فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے ہوگا، جو جاری بنیادی تنخواہ پر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ گریڈ ایک سے 22 تک کے ملازمین اور افسران کی تنخواہوں میں 30 فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس دینے کا علیحدہ سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس کا اطلاق 30 جون 2022 کی بنیادی تنخواہ پر دیا جائے گا، ایسے سرکاری ملازمین جو یکم جولائی 2022 یا اس کے بعد بھرتی ہوئے، ان کو 2017 کے بنیادی پے سکیل کی بنیاد پر الاؤنس ملے گا۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی 2025سے ہوگا۔