افسوسناک حادثہ، ایک سیاح جاں بحق، 6 شدید زخمی
Tourist accident
فائیل فوٹو
پشاور:(ویب ڈیسک) پشاور سے کمراٹ جانے والے سیاحوں کی گاڑی بریکوٹ کے مقام پر بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔

 حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ چھ افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 دیر بالا کے مطابق، حادثہ اُس وقت پیش آیا جب سیاحوں کی گاڑی خطرناک موڑ پر قابو نہ پا سکی اور کھائی میں جاگری۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو کھائی سے نکالا اور موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: کمسن بچے نے گاڑی چلاتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا

ترجمان ریسکیو کے مطابق، زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینسز کے ذریعے تیمرگرہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ تمام زخمیوں کا تعلق پشاور سے بتایا گیا ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ گاڑی میں کل سات افراد سوار تھے جو کمراٹ کی جانب سیاحت کے لیے جا رہے تھے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ عوام سے محتاط ڈرائیونگ اور پہاڑی علاقوں میں حفاظتی اقدامات اپنانے کی اپیل کی گئی ہے۔