
تفصیلات کے مطابق سازگار انجینئرنگ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی نئی متعارف کردہ "نیو انرجی وہیکلز (NEV) ایڈاپشن لیوی" کی لاگت خود برداشت کرے گی۔ اس فیصلے کے تحت Haval برانڈ کی گاڑیوں کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
معروف موٹر کمپنی کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاک سوزوکی موٹر کمپنی اور کیا لکی موٹرز نے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ ان کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافے کی وجہ نئے مالیاتی سال میں سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافہ اور دیگر نئے ٹیکسز کو قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:یوم عاشور پر حساس علاقوں میں موبائل سروس بند رہے گی
پاک سوزوکی کی گاڑیوں جیسے آلٹو، کلٹس اور سوئفٹ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ کیا موٹرز نے اسپورٹیج اور پکانٹو سمیت اپنی بیشتر مشہور گاڑیوں کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ اس کے برعکس، سازگار انجینئرنگ نے صارفین کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے قیمتوں میں استحکام کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق ایک ذمہ دار اور صارف مرکوز ادارے کے طور پر، سازگار نے ہمیشہ اپنے قیمتی Haval فیملی کے مفادات کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کیے ہیں۔
یاد رہے سازگار کا یہ اقدام نہ صرف صارفین کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے بلکہ آٹو انڈسٹری میں ایک مثبت مثال بھی قائم کرتا ہے، جہاں قیمتوں میں اضافے کے بجائے صارفین کو سہولت فراہم کرنے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔