سٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس ایک لاکھ 31 ہزار پوائنٹس سے متجاوز
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج تیزی کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا جبکہ  کاروبار کا اختتام بھی مثبت زون میں ہوا۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج تیزی کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا جبکہ کاروبار کا اختتام بھی مثبت زون میں ہوا۔

 سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کےآغاز میں تیزی دیکھی گئی اور کاروبار کے پہلے 3 گھنٹوں میں انڈیکس ایک لاکھ 31 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرتے ہوئے ایک لاکھ 31 ہزار 325 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا تاہم دن بھی اتار چڑھاؤ جاری رہا۔

کاروبار کے دوران ایک وقت میں پی ایس ایکس ہنڈرڈ انڈیکس گراوٹ کے بعد ایک لاکھ 29 ہزار 776 پوائنٹس کی سطح پر بھی آیا تاہم دن کے آخری حصے میں انڈیکس ہچکولے کھاتا رہا۔

بعدازاں پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مثبت زون میں ہوا، کاروبار کے اختتام پر پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 342 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا اور انڈیکس ایک لاکھ 30 ہزار 686 پوائنٹس پر بند ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے نیا سنگ میل عبور کر لیا

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 2 ہزار 144 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 30 ہزار 344 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔

اس سے قبل منگل کو مالی سال کے پہلے روز بھی مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی اور مارکیٹ 2 ہزار 572 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 28 ہزار 199 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوئی تھی۔

دوسری جانب زرمبادلہ کی مارکیٹ میں بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے جہاں امریکی ڈالر 15 پیسے سستا ہو کر 283.95 روپے سے کم ہو کر 283.80 روپے پر آ گیا ہے۔

کرنسی مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں یہ بہتری درآمدی دباؤ میں کمی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی علامت ہے۔