پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے نیا سنگ میل عبور کر لیا
Pakistan Stock Exchange surge
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے تاریخ کا نیا سنگ میل عبور کر لیا۔ ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار 1 لاکھ 31 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرتے ہوئے 131,325 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر ہی زبردست تیزی دیکھی گئی، جہاں 800 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ معاشی ماہرین اور تجزیہ کاروں کے مطابق بجٹ 2025-26 کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، جس سے کاروباری فضا میں بہتری آئی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے معاشی پالیسیوں میں تسلسل اور شفافیت نے مارکیٹ کو مثبت سمت میں دھکیل دیا ہے، جبکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی مالی صورتحال کو قدرے بہتر انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔ یہی عوامل اسٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی کا سبب بنے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:موٹر سائیکل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں آئندہ دنوں میں مزید تیزی کا امکان ہے، خاص طور پر اگر حکومت کی اقتصادی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رہا تو بیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

دوسری جانب زرمبادلہ کی مارکیٹ میں بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے، جہاں امریکی ڈالر 15 پیسے سستا ہو کر 283.95 روپے سے کم ہو کر 283.80 روپے پر آ گیا ہے۔ کرنسی مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں یہ بہتری درآمدی دباؤ میں کمی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی علامت ہے۔