حکومت کا بجلی بلوں میں الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے صارفین کو ریلیف دینے کے لیے بجلی بلوں میں الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی حکومت نے صارفین کو ریلیف دینے کے لیے بجلی بلوں میں الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی وزیر توانائی اویس خان لغاری نے بجلی بلوں میں الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کیلئے وزرائےاعلیٰ کو خط لکھ دیا، وفاقی وزیر نے وزرائےاعلیٰ سے تعاون فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

وزیر توانائی نے بذریعہ خط تمام وزرائے اعلیٰ کو یکم جولائی سے بجلی بلوں پر الیکٹریسٹی ڈیوٹی کی وصولی ختم کرنے بارے آگاہ کیا۔

اویس خان لغاری نے خط میں لکھا کہ وفاقی حکومت نے بجلی بل پر مختلف چارجز، ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،مہنگی بجلی اور بلوں پر مختلف لیویز سے صارفین کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا بجلی صارفین کیلئے یکساں ٹیرف کے نفاذ کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت بجلی بل کو عام فہم اور بجلی کی لاگت تک محدود کرنا چاہتی ہے ، صوبائی حکومتوں اپنے ٹیکسوں کیلئے دیگر ذرائع استعمال کریں۔

اویس خان لغاری نے کہا کہ اس قدم سے نہ صرف بجلی کے بلوں کو مزید شفاف بنانے میں مدد ملے گی بلکہ صارفین کو بل سمجھنے میں بھی آسانی آئے گی، یہ اقدام اس چیز کو بھی یقینی بنائے گا کہ صارفین دیگر چارجز کے بجائے صرف بجلی کی قیمت کی ادائیگی کر رہے ہیں۔

وزیر توانائی نے خط میں وفاقی حکومت کی جانب سے آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی سمیت سٹرکچرل ریفارمز کا بھی ذکر کیا۔