
بجلی صارفین کیلئے یکساں ٹیرف نظام کو نافذ کئے جانے بارے حکومتی درخواست پر پاور ڈویژن نے یونیفارم ٹیرف سے متعلق غور کیلئے نیپرا سے رجوع کر لیا۔
اتھارٹی یکساں بجلی کے نرخوں سے متعلق درخواست پر سماعت یکم جولائی کو کرے گی، حکومت نے نیپرا ٹیرف قواعد 1998 کے قاعدہ 17 کے تحت درخواست جمع کرائی۔
درخواست میں حکومت کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ مجوزہ ٹیرف میں سبسڈی،انٹر ڈسکوز ریٹ اور ریشنلائزیشن کو شامل کیا جائے، اس اقدام کا مقصد ملک بھر کے تمام صارفین کے لیے مساوی نرخ مقرر کرنا ہے، ٹیرف کو یکم جولائی 2025 سے نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹر اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یکم جولائی کو سماعت میں وفاقی حکومت کی مجوزہ درخواست پر غور کیا جائے گا، یکساں ٹیرف، سبسڈی اور ریٹ ریشنلائزیشن پر غور کیا جائے گا،تمام سٹیک ہولڈرز سماعت میں شریک ہو کر اپنی آراء کا اظہار کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گھریلو صارفین کیلئے فکسڈ چارجز بڑھانے کا فیصلہ
خیال رہے کہ حکومتی درخواست پر نیپرا نے گزشتہ ہفتے کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت مؤخر کی تھی ،کے الیکٹرک نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4روپے 64پیسے کمی مانگی تھی۔
پاور ڈویژن کا مؤقف تھا کہ فیول چارجز میں کمی کیلئے وفاقی حکومت کو سبسڈی دینا پڑے گی ، یہ 7ارب کے الیکٹرک کو حکومتی سبسڈی سے جائینگے کیونکہ سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر پہلے ہی یکساں ٹیرف لاگوہے۔
تاہم اب بجلی صارفین کے لیے فیول چارجز پر یکساں ٹیرف کیلئے حکومت نے درخواست کی ہے۔