
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے آئندہ مالی سال کیلئے قدرتی گیس کی قیمت کے طریقہ کار اور یکم جولائی سے گیس کی قیمت میں ردوبدل کی منظوری دیدی۔
ای سی سی کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ حکومت نے یکم جولائی سے گیس کے بڑے خریداروں ، پاور پلانٹس اور صنعتی شعبے کا ٹیرف 10 فیصد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ گھریلو صارفین کیلئے گیس ٹیرف برقرار رکھنے اور فکسڈ چارجز بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے گیس سیکٹر میں کراس سبسڈی ختم کرنے کی منظوری دے دی جبکہ اوگرا کی طرف سے گیس ٹیرف میں ردوبدل کے فوری اطلاق اور کم آمدن صارفین کو ٹارگٹد سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت کو اوگرا کے گیس ٹیرف میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن 40 دنوں میں جاری کرنا ہوتا تھا۔
اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے وزارت دفاع کیلئے 15 ارب 84 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دیدی، گرانٹ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے شہداء کو ادائیگی میں استعمال کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایک ہزار روپے کا نوٹ سوشل میڈیا پر وائرل
ای سی سی نے سپارکو کیلئے بھی ساڑھے 5 ارب کی امداد کی منظوری دیدی، وزارت خزانہ کو غیر ملکی قرض ادائیگی کیلئے ایک ارب 77 کروڑ روپے جبکہ مقامی قرض ادائیگی کیلئے 83 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وزارت خارجہ کو مختلف وفود کے غیر ملکی دوروں کیلئے 10 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی جبکہ وزارت خزانہ کو آڈیٹر جنرل آف پاکستان کیلئے ساڑھے 6 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔
ای سی سی نے وزارت داخلہ کو فرنٹیئر کانسٹیبلری کیلئے ایک ارب 76 کروڑ روپے ، اسلام آباد پولیس کیلئے 30 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ ، امن و امان کیلئے 10 کروڑ ،اسلام پولیس کو تحقیقات میں بہتری کیلئے آلات کی خریداری کیلئے 5 کروڑ روپے جبکہ فرنٹیئر کانسٹیبلز شمال کیلئے 10 کروڑ گرانٹ منظور کی گئی۔
اسی طرح پٹرولیم ڈویژن کیلئے 12 کروڑ روپے ،حکومت بلوچستان میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پولیس سروس پاکستان کے افسران کیلئے ساڑھے 25 کروڑ روپے اور وزارت داخلہ کی عمارت کیلئے 20 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے چینی درآمد کی منظوری دیدی،ای سی سی نے چھوٹے کاشتکاروں کیلئے رسک کوریج اسکیم کی بھی اصولی منظوری دیدی، اسکیم کے تحت ساڑھے 7 لاکھ کسانوں کو باقاعدہ فنانشل نظام میں شامل کیا جائے گا ،چھوٹے کاشتکاروں کو آئندہ تین مالی سالوں میں 300 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔